ہوائی فائرنگ ، پتنگ بازی کیخلاف آپریشن، 117ملزم گرفتار
ملزمان کے قبضے سے پتنگیں اور ڈور بھی برآمد ،آپریشن جاری رہے گا:ایس پی
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ نے جرائم پیشہ عناصر، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں سے 117 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ ڈیفنس، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، بند روڈ اور فیروزپور روڈ سمیت دیگر علاقوں سے 105 ون ویلرز کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان شاہراہوں پر خطرناک کرتب کرتے ہوئے شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے تھے ،علاوہ ازیں پتنگ بازی میں ملوث 12 ملزمان کو کوٹ لکھپت، شیراکوٹ، کاہنہ اور دیگر علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے پتنگیں اور ڈور بھی برآمد کر لی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں عرفان، علی، اشفاق، احتشام اور نعمان سمیت دیگر شامل ہیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے نصیر آباد، کوٹ لکھپت، ہربنس پورہ اور کاہنہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا۔ایس پی ڈولفن کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔