عوامی تاجر اتحاد کے زیر اہتمام اجلاس اور افطار ڈنر کا انعقاد
رمضان المبارک ایثار اور خدمت خلق کا درس دیتا ہے :حسن محی الدین قادری ودیگر
لاہور (آن لائن) عوامی تاجر اتحاد کے زیرِ اہتمام ماہانہ اجلاس اور افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تاجر برادری کی نمائندہ شخصیات،عوامی تاجر اتحاد کے عہدیداران،ایگزیکٹو ممبران اور تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق، سیکرٹری جنرل چوہدری محمد راشد، سینئر نائب صدرشہزاد خان نے مہمانان گرامی کا پرتپاک استقبال کیا اور استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے عوامی تاجر اتحاد کی سرگرمیوں اور تاجر برادری کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ڈاکٹر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ دیانت، شفافیت اور امانت داری تجارت کی روح ہیں اور انہی اصولوں پر عمل کر کے معاشرے میں اعتماد اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار، ہمدردی اور اجتماعی ذمہ داری کا پیغام دیتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دین اسلام دیانت،امانت اور انصاف پر مبنی تجارت کی تعلیم دیتا ہے ۔تاجر برادری اپنی کاروباری سرگرمیوں میں اخلاقی اقدار کو اپنائیں تو معاشرہ معاشی استحکام اور خوشحالی کی جانب گامزن ہو سکتا ہے ۔