پولیس نے وکلاکیخلاف جھوٹے مقدمات وطیرہ بنا لیا : بار کونسل

پولیس نے وکلاکیخلاف جھوٹے مقدمات وطیرہ بنا لیا : بار کونسل

وکلا میں پائی جانے والی تشویش کے خاتمے کیلئے واقعات کا نوٹس لیا جائے :عہدیداران

لاہور (آن لائن) پنجاب بار کونسل نے صوبے کے مختلف اضلاع میں وکلا کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ان مقدمات کو فی الفور واپس لیا جائے اورانتہائی اقدام اٹھانے والے پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین خواجہ قیصر بٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فخر حیات اعوان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پولیس نے وکلا کے خلاف جھوٹے اور سنگین دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج وطیرہ بنا لیا ہے جس سے وکلا برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ پنجاب حکومت سے اپیل ہے کہ ان معاملات کا سنجیدگی سے نوٹس لے کر تدارک کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وکلا معاشرے کا سب سے پڑھا لکھا اور آئین و قانون کی پاسداری کرنے والا طبقہ ہے لیکن پولیس افسران کی جانب سے وکلا کے ساتھ جس طرح کا ناروا رویہ اور سلوک روا رکھا جارہاہے وہ قابل مذمت ہے ۔بعض کیسز میں وکلاء کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ ہمار امطالبہ ہے ان واقعات کا فی الفور نوٹس لے کر ان کا تدارک کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں