گاڑیوں کی قیمت پر رجسٹریشن فیس،حتمی دلائل کیلئے طلبی
رقوم وصولی استحصال، ہائیکورٹ سے رجسٹریشن فیس کالعدم قرار دینے کی استدعا
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ میں گاڑیوں کی قیمت پر رجسٹریشن فیس کے نفاذ کیخلاف کیس کی سماعت پر عدالت نے فریقین کے وکلا کو حتمی دلائل کیلئے طلب کرلیا۔جسٹس حسن نواز مخدوم کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے سماعت کی،حکومتی وکلا نے موقف اختیار کیا کہ متعلقہ اتھارٹیز کو رجسٹریشن فیس میں اضافے کا آئینی اختیار ہے ۔درخواست گزاروں کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دیتے کہا کہ گاڑیوں کی قیمت پر ٹیکس عائد کرنا صرف وفاقی حکومت کا دائرہ اختیار ہے صوبائی حکومت کو یہ ٹیکس وصول کرنے کا کوئی آئینی اختیار نہیں۔رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ کی مد میں شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں، بنیادی سہولیات کے بغیر بھاری رقوم کی وصولی عوامی استحصال ہے لہذا عدالت رجسٹریشن فیس میں اضافہ کالعدم قرار دے ۔