شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے عام پتنگ بازی پھر شروع
پابندی کاغذی حکم ثابت،بچے سکولوں سے واپسی پر چھتوں پر گڈیاں اڑانے لگے
لاہور (رانا محمد علی سے )لاہور میں پتنگ بازی پر پابندی ایک بار پھر محض کاغذی حکم ثابت ہونے لگی، شہر کے مختلف علاقوں میں اس خونیں کھیل کا کھلے عام دوبارہ آغاز ہو گیا اور حکومت و انتظامیہ مکمل بے بس دکھائی دیتی ہے ۔ غا زی آباد، فتح گڑھ ،گوالمنڈی، والڈ سٹی، جوہر ٹائون ،چوہنگ ،ٹھو کر نیاز بیگ سے ملحقہ آبا دیو ں شریف پارک، مصری شاہ ،شاد باغ ،فیض باغ ،راوی روڈ ،شاہدرہ ،بھٹہ چوک، چونگی امرسدھو ،قینچی، کو ٹ لکھپت، مزنگ، سمن آباد ،گلشن راوی ،راوی پار ، کاہنہ، قصور روڈپر فیروز پور روڈ کے اطراف آبا دیو ں محمود بوٹی، باغبانپورہ، داروغہ والا اور رنگ روڈ کے اطراف دن دہاڑے پتنگ بازی کے مناظر ناصرف دیکھنے میں آ رہے ہیں بلکہ ویڈیوز بھی منظر عام پر آ چکی ہیں۔ سکولوں سے واپسی پربچوں نے چھتوں پر چڑھ کر پتنگ بازی کو معمول بنا لیا ہے ،گھروں میں پہلے سے موجود پتنگیں اور ڈوریں دوبارہ استعمال کی جا رہی ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے پتنگ بازی پر پابندی کیخلاف سخت کارروائی کے دعوے کیے جا رہے ہیں مگر زمینی حقائق ان دعوؤں کی نفی کر رہے ہیں۔ سب سے بڑا سوال لاہور پولیس کی کارکردگی پر اٹھ رہا ہے جوپتنگ بازی کو روکنے میں مکمل ناکام ہے ۔