پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی

 پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی

واجبات ایک ارب 99 کروڑ ،ٹیکس وصولی کیلئے اقدامات کیے جا رہے :حکام

لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب بھر میں پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کی تعداد میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے ، جہاں گزشتہ سال ٹیکس ادا کرنے والے ہزاروں شہری رواں مالی سال میں ڈیفالٹر بن گئے ہیں، جس سے محکمہ ایکسائز کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے ۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں نادہندگان کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ، جبکہ مجموعی واجبات ایک ارب 99 کروڑ روپے سے زائد تک پہنچ چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ صورتحال ٹیکس نظام کے لیے خطرے کی علامت بنتی جا رہی ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا بی ڈویژن سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں گزشتہ سال کی نسبت 50 کروڑ روپے سے زائد بقایا سامنے آیا۔ لاہور اے میں بھی 30 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ریکارڈ کیے گئے ، جبکہ راولپنڈی دوسرے نمبر پر رہا جہاں 28 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔محکمہ ایکسائز کے حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔حکام کے مطابق بڑھتے ہوئے نادہندگان اور واجبات کے باعث ریکوری کے عمل میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں، جبکہ ٹیکس وصولی کے مقررہ اہداف متاثر ہونے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں