ماحولیاتی تحفظ کیلئے بائیو ڈائیورسٹی کوریڈورز بنانے کا فیصلہ
تعلیمی اداروں کوشجرکاری مہمات کے انعقاد کی بھی ترغیب دی جائے گی :ڈی جی
لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی کے ماتحت ضلعی ایجنسیاں اپنے شہروں میں ماحول اور قدرتی مساکن کے تحفظ کے لیے بائیو ڈائیورسٹی کوریڈورز قائم کریں گی۔ ڈائریکٹر جنرل راجہ منصور احمد نے بتایا کہ بائیو ڈائیورسٹی کوریڈور سے مراد پودوں، باڑوں یا غیر کاٹی گئی زمین کی ایسی پٹی ہے جو قدرتی مساکن کے الگ تھلگ حصوں کو آپس میں جوڑتی ہے ۔ یہ کوریڈور جنگلی حیات کو باغات اور پارکوں کے درمیان آزادانہ نقل و حرکت، خوراک اور افزائش کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے پی ایچ اے نے تمام ضلعی ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی درختوں بشمول شیشم، شہتوت اور برگد کی شجرکاری کریں۔ راجہ منصور احمد نے کہا کہ ضلعی ہارٹی کلچر ایجنسیاں شہروں میں نئی گرین سپیسز بھی قائم کریں گی۔ ان اقدامات کے تحت بس سٹاپس کے قریب سایہ دار درخت لگائے جائیں گے ۔ مزید برآں ضلعی ایجنسیاں مقامی تعلیمی اداروں کے طالبَ علموں کو ماحولیاتی آگاہی مہمات میں شامل کریں گی۔ تعلیمی اداروں کو رضاکارانہ شجرکاری مہمات کے انعقاد کی بھی ترغیب دی جائے گی ۔