فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائیاں، 1950 کلو بیمار مرغیاں تلف
ملزم گرفتار،تلف کردہ مرغیاں نزلہ، کم وزن اور مختلف امراض میں مبتلا پائی گئیں
لاہور(اے پی پی)گوشت کا اعلٰی معیار پنجاب فوڈ اتھارٹی کا عزم ہے ،ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں، لاہور بھر میں 43 میٹ شاپس، سپلائرز کی چیکنگ کے دوران 4کو جرمانے عائد کر کے 1مقدمہ درج اور ملزم گرفتار کرا دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق 84ہزار 335کلو گوشت کی چیکنگ کے دوران 1950 کلو مرغیاں اور تیار گوشت تلف کیا گیا، ٹولنٹن مارکیٹ سے مردہ مرغیاں فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرایا گیا،تلف کردہ مرغیاں نزلہ، کم وزن اور مختلف امراض میں مبتلا پائی گئیں۔ ڈی جی فوڈاتھارٹی نے کہا کہ دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات، ملازمین کے میڈیکل عدم موجود پائے گئے ، بیمار مرغیاں ٹولنٹن مارکیٹ کی مختلف دکانوں پر سپلائی کی جانی تھی۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی طرز پر گوشت کی تیاری و ترسیل کے نظام پر کام کر اورجعلساز مافیا کے جڑ سے خاتمے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔