چوہنگ :بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، 7 افراد گرفتار
غیر قانونی چلنے والی ایمبرائیڈری مشینیں اور دیگر سامان قبضے میں لے لیاگیا
لاہور(اے پی پی)لیسکو کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کے تحت چوہنگ کے علاقے میں ایک بڑا مشترکہ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران متعدد غیر قانونی کنکشنز کا انکشاف ہوا اور 7 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کارروائی چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایس ای (سنٹرل سرکل) جمشید زمان کی نگرانی میں کی گئی جبکہ ایکسین ثنا محمد، سب ڈویژنل آفیسر چوہنگ محمد اعظم، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی آپریشن میں شریک تھی۔
ذرائع کے مطابق لیسکو ٹیم نے چوہنگ کے علاقے میں مختلف دکانوں اور ایمبرائیڈری مشین یونٹس پر چھاپے مارے ،جہاں ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بڑے پیمانے پر چوری کی جا رہی تھی۔لیسکو ٹیم نے موقع پر بجلی چوری رنگے ہاتھوں پکڑ لی اور غیر قانونی طور پر چلنے والی متعدد ایمبرائیڈری مشینیں اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔بجلی چوری میں ملوث7افراد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے ۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ کا کہنا تھا کہ بجلی چور قومی مجرم ہیں اور ان کیخلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔