پنجاب بھر میں پولیو مہم کا آغاز ،عظمیٰ کاردار نے افتتاح کیا

پنجاب بھر میں پولیو مہم کا آغاز ،عظمیٰ کاردار نے افتتاح کیا

2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کا ہدف ،والدین سے تعاون کی اپیل

لاہور (ہیلتھ رپورٹر )پنجاب بھر میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ مہم کا افتتاح وزیر اعلیٰ کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے چلڈرن ہسپتال میں بچوں حفاظتی قطرے پلا کر کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور ضلعی ہیلتھ افسر ڈاکٹر زاہد منیر نے شرکت کی۔ عظمیٰ کاردار نے خطا ب میں کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ 2025 میں 17 اضلاع پولیو سے متاثر تھے تاہم اب صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ مارچ میں تمام ماحولیاتی نمونے منفی آنا بڑی پیشرفت ہے ۔ پولیو کے خاتمے کے لیے ٹرانزٹ پوائنٹس کو مزید مضبوط کیا گیا ہے اور ہر داخلی و خارجی راستے پر ٹیمیں تعینات ہیں۔ 2026 پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا سال ہے ۔ ڈاکٹر مسعود صادق نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو ہر مہم میں پولیو کے قطرے لازمی پلائے جائیں۔ ڈاکٹر زاہد منیر نے کہا لاہور میں مہم سات روز جبکہ دیگر اضلاع میں چار روز جاری رہے گی۔ مہم کے دوران 2 کروڑ 33 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر کلیم اختر نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک یہ مشن جاری رہنا چاہیے جبکہ ڈاکٹر ناصر رانا نے کہا کہ ترجیح ہر بچے تک ویکسین کی رسائی کو یقینی بنانا ہے ۔تمام مقررین نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ہر مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے شہر کے مختلف علاقوں میں انسداد پولیو کارروائیوں کا جائزہ لیا ۔سی ای او ہیلتھ لاہور و دیگر افسر ہمراہ تھے ۔

 عمران نذیر کی فیلڈ میں انسداد پولیو ٹیموں سے ملاقات، بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عزم کا اعادہ کیا اورکہاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں