جی ڈبلیو ایم نے سازگار کیساتھ ٹینک 500 کی CKD اسمبلی کا آغاز کر دیا
لاہور(سٹاف رپورٹر)جی ڈبلیو ایم پاکستان (Great Wall Motor)نے سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ کے۔۔
اشتراک سے اپنی فلیگ شپ لگژری ایس یو وی ٹینک 500 کی CKD(کَمپلیٹلی ناک ڈاؤن)اسمبلی کے آغاز کا باضابطہ اعلان کر دیا ۔ یہ پیشرفت پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت میں اہم سنگ میل ہے ۔ اس موقع پر جی ڈبلیو ایم کی پاکستان میں کامیاب پانچ سالہ موجودگی کا جشن بھی منایا گیا۔ تقریب میں وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی صنعت و پیداوار ڈویژن (وزیر مملکت)نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، چین کے قونصل جنرل سن یان بھی موجود تھے ۔پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہو گیا کہ وہ چین کے باہر پہلا ملک بن گیا جہاں ٹینک 500 PHEV کی اسمبلی کی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر جی ڈبلیو ایم پاکستان کے کنٹری منیجر مسٹر واکر نے کہاٹینک 500 کی CKD اسمبلی جی ڈبلیو ایم کیلئے پاکستان میں اہم سنگ میل ہے ۔ چین کے باہر اس ماڈل کی اسمبلی کیلئے پاکستان کا انتخاب مارکیٹ پر اعتماد اور اسکی ترقی کیلئے ہمارے طویل المدتی وژن کا مظہر ہے ۔ پاکستان میں اپنی پانچ سالہ کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے ہم صارفین کو جدید اور پریمیم موبیلٹی حل فراہم کرنے کیلئے پْرعزم ہیں۔سی ای او سازگار انجینئرنگ میاں اسد حمید،سی او او سازگار انجینئرنگ میاں علی حمید نے بھی خطاب کیا۔