پھاٹا کو فیسیں، ریٹس اور دیگر چارجز عائد کرنے کااختیار حاصل
اس سے قبل پھاٹا کوچارجز لگانے کیلئے حکومتی پیشگی منظوری درکار ہوتی تھی
لاہور (شیخ زین العابدین)پنجاب حکومت نے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی، پھاٹا کو اپنے وسائل خود پیدا کرنے کا اختیار دے دیا ہے ، جس کے بعد ادارہ باقاعدہ ریونیو کلیکشن کا نظام تشکیل دے گا۔پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والی حالیہ قانون سازی کے تحت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی آرڈیننس 2002 میں اہم ترامیم کی گئی ہیں، جن کے ذریعے ادارے کو فیسیں، ریٹس اور دیگر چارجز عائد کر کے فنڈز اکٹھے کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ اس سے قبل پھاٹا کو کسی بھی قسم کی فیس یا چارجز کے نفاذ کے لیے حکومتی پیشگی منظوری درکار ہوتی تھی، تاہم نئی ترمیم کے بعد اس عمل کو قانونی تحفظ حاصل ہو گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پھاٹا اپنی مختلف ہاؤسنگ سکیموں میں رہائشیوں اور پلاٹ ہولڈرز پر مختلف مد میں فیسیں اور ٹیکسز عائد کر سکے گا۔
، جن کا مقصد ترقیاتی اخراجات پورے کرنا اور منصوبوں کو مالی طور پر خود کفیل بنانا ہے ۔ حکومتی مؤقف کے مطابق یہ اقدام شہری اور دیہی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مالی استحکام کے لیے ناگزیر ہے ۔