’’جب شاہین جھپٹے ‘‘ایل سی ڈبلیو یو میں سیمینار کاانعقاد
کامیابیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو مزید مستحکم کیا :مقررین کاخطاب
لاہور (سٹاف رپورٹر)لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کے زیرِ اہتمام ایک اہم اور فکر انگیز سیمینار بعنوان \"جب شاہین جھپٹے \" کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیمینار گزشتہ برس پاکستان کی مسلح افواج کی نمایاں کامیابیوں، بالخصوص \"آپریشن معرکۂ حق ,ہم ہیں بنیان مرصوص\" کے تناظر میں منعقد کیا گیا، جس میں قومی سلامتی، دفاعی حکمت عملی اور عالمی سطح پر پاکستان کے ابھرتے ہوئے کردار پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔سیمینار کی صدارت وائس چانسلر لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر تمغہ بسالت اور تمغہ امتیاز ایئر کموڈور (ر) خالد چشتی نے شرکت کی۔ اس موقع پر معزز مہمانوں میں معروف ٹی وی تجزیہ نگار برائے بین الاقوامی امور و سفارت کاری ڈاکٹر عرفان علی فانی، اور ستارۂ امتیاز سینئر صحافی و تجزیہ کار سلمان غنی شامل تھے ۔مقررین نے اپنے خطابات میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، حالیہ کامیابیوں اور دفاعی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کامیابیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو مزید مستحکم کیا ہے ۔ انہوں نے نوجوان نسل کو قومی یکجہتی، حب الوطنی اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی تلقین بھی کی۔