شہر میں جدید سیوریج سسٹم بچھانے کا فیصلہ
لہر اتھارٹی کے منصوبے کے تحت اندرون شہر کے داخلی دروازوں کے باہر نئے سیوریج نیٹ ورک کی تنصیب کی جائے گی، پوراسرکلر روڈ بیلٹ اور اس سے ملحقہ مقامات شامل ریلوے سٹیشن، نیلا گنبد، بھاٹی گیٹ، داتا دربار، جی پی او چوک، کچہری، لوئر مال اور اپر مال جیسے اہم علاقوں میں ڈرینیج کے جامع نظام کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور کے مرکزی اور تاریخی علاقوں کی بہتری کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھا لیا گیا ہے ، جہاں لہر اتھارٹی نے بڑے پیمانے پر جدید ڈرینیج اور سیوریج سسٹم بچھانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف نکاسی آب کے دیرینہ مسائل کا حل نکالنا ہے بلکہ شہری انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بھی ہے ۔منصوبے کے تحت اندرون شہر کے داخلی دروازوں کے باہر نئے سیوریج نیٹ ورک کی تنصیب کی جائے گی، جبکہ پورے سرکلر روڈ بیلٹ اور اس سے ملحقہ اہم مقامات کو بھی اس نظام میں شامل کیا گیا ہے ۔ ریلوے سٹیشن، نیلا گنبد، بھاٹی گیٹ، داتا دربار، جی پی او چوک، کچہری، لوئر مال اور اپر مال جیسے اہم علاقوں میں ڈرینیج کے جامع نظام کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اس بڑے منصوبے کی پلاننگ اور تکنیکی ذمہ داری واسا کو سونپ دی گئی ہے ، جس نے ابتدائی ڈیزائن اور ورکنگ پر کام شروع کر دیا ہے ۔ منصوبہ آئندہ لہر اتھارٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف سے حتمی منظوری حاصل کی جائے گی۔اس سے قبل انہی علاقوں میں انڈرگراؤنڈ پارکنگ، پیدل چلنے والوں کے لیے واک ویز اور لینڈ سکیپنگ جیسے منصوبوں پر کام جاری ہے ، تاہم اب ڈرینیج اور سیوریج سسٹم کو شامل کر کے اس پورے زون کی مکمل ری ویمپنگ کی جا رہی ہے ۔یہ منصوبہ تاریخی لاہور کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ، جس کے اثرات شہری زندگی پر براہ راست مرتب ہونے کی توقع ہے ۔