پنجاب میں 35لاکھ سے زائد بیروزگار،اہم اقدامات کا فیصلہ
6 اضلاع میں ایمپلائمنٹ سینٹرقائم ، ڈیجیٹل جاب سسٹم متعارف کرایا جائیگا:حکام
لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب میں بڑھتی بیروزگاری نوجوانوں کیلئے بڑا چیلنج بن گئی ۔ لیبر فورس سروے کے مطابق صوبے میں 4کروڑ 94 لاکھ افراد لیبر فورس کا حصہ ہیں جبکہ 35لاکھ سے زائد بیروزگار ہیں۔ حکومتی دستاویزات کے مطابق پنجاب میں بیروزگاری کی شرح7فیصد سے تجاوز کرچکی ہے ۔صورتحال سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت نے روزگار کے فروغ اور لیبر مارکیٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس مقصد کیلئے چھ بڑے اضلاع فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، ملتان، رحیم یار خان اور سیالکوٹ میں ایمپلائمنٹ فیسیلی ٹیشن سینٹر بنائے جائینگے ۔منصوبے پر ایک ارب ستر کروڑ لاگت آئیگی۔ذرائع کے مطابق محکمہ لیبر کو دو برسوں میں لیبر مارکیٹ کو جدید بنانے کا ٹاسک سونپا گیا ہے ۔ منصوبے کے تحت نوجوانوں کو مقامی اور بیرونِ ملک ملازمتوں کے مواقع، کیریئر کونسلنگ، سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز اور ویزا و ریکروٹمنٹ بارے رہنمائی دی جائیگی۔حکام کا کہنا ہے کہ بیروزگاری کم کرنے کیلئے ڈیجیٹل جاب میچنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جائیگا تاکہ نوجوانوں کوروزگار کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔خواتین کو مساوی روزگارمواقع دینے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔