پیکٹا میں ضم سینکڑوں ملازمین کیڈر،تنخواہ معاملے پر پریشان

پیکٹا میں ضم سینکڑوں ملازمین کیڈر،تنخواہ معاملے پر پریشان

آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود مراعات سے محروم ، کیڈر فوری تبدیل کرنے کامطالبہ

لاہور(خبر نگار)پنجاب میں قائم نئے ادارے پیکٹا میں ضم ہونیوالے سینکڑوں ملازمین آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود اپنے کیڈر اور تنخواہوں کے معاملے پر تاحال پریشان ہیں۔ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ، قائد اکیڈمی اور پنجاب ایگزمینیشن کمیشن کو پیکٹا میں ضم تو کردیا گیا مگر تینوں اداروں کے ملازمین کے سروس اسٹرکچر اور کیڈر کی تبدیلی کا فیصلہ ابھی تک نہ ہوسکا۔قائد اکیڈمی اور پی ای سی کے ملازمین کا مؤقف ہے کہ انکی تنخواہیں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے ملازمین سے کم ہیں، کیڈر تبدیل ہونے پر تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے ملازمین بھی قانونی تحفظ کے باوجود دس فیصد سالانہ انکریمنٹ سے محروم ہیں، کئی ریٹائر ملازمین کو پنشن میں پانچ فیصد اضافہ بھی نہیں مل سکا۔متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ نہ انہیں مکمل طور پر پیکٹا کا ملازم تسلیم کیا جارہا ہے اور نہ ہی ادارے کے مطابق مراعات دی جارہی ہیں۔ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری قانون سازی کرتے ہوئے کیڈر تبدیلی کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ تمام ملازمین کو یکساں سروس سٹرکچر اور تنخواہیں مل سکیں۔اس حوالے سے پیکٹا کے سی ای اوموسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ معاملے پر تجاویز زیر غور ہیں اور کیڈر تبدیلی کیلئے درکار اضافی فنڈز کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں