گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشنز پروگرام ، نوجوانوں میں چیک تقسیم
پی آئی ٹی بی کے تحت 50 ہزار سے 2لاکھ تک کے ری ایمبرسمنٹ چیک بانٹے گئے
لاہور(خبر نگار)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیرِ اہتمام ارفع کریم ٹاور میں گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشنز پروگرام کے تحت عالمی سطح کی آئی ٹی سرٹیفکیشنز کامیابی سے حاصل کرنیوالے نوجوانوں کو چیکس تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔ چیف فنانشل آفیسرپی آئی ٹی بی نادیہ ریاض، چیف ٹیکنالوجی آفیسر عادل اقبال خان، چیف انفارمیشن سکیورٹی آفیسر سجاد غنی نے مختلف تعلیمی اور پیشہ ورانہ تجربہ رکھنے والے 40 سے زائد شرکا میں 50 ہزار سے 2 لاکھ تک کے ری ایمبرسمنٹ چیک تقسیم کیے ۔ گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشنز پروگرام کا مقصد نوجوان آئی ٹی پروفیشنلز کو عالمی معیار کے سرٹیفکیشنز حاصل کرنے میں مالی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔ مستفید ہونے والے افراد نے پی آئی ٹی بی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے انہیں اپنی تکنیکی مہارتوں کو بہتر بنانے اور عالمی سطح پر کیریئر کے مواقع حاصل کرنے میں خاصی مدد ملی ہے ۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے پیغام میں کہا حکومتِ پنجاب نوجوانوں کو عالمی ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ معلومات اور رجسٹریشن کیلئے ادارے کی ویب سائٹ وزٹ کر سکتے ہیں۔