عید تک لاک ڈاؤن فوری ختم کیاجائے :تاجر برادری
ہراساں کرنے کی بجائے سہولیات دی جائیں:کاشف چودھری ، اشرف بھٹی
لاہور ( کامرس رپورٹر)صدر مرکزی تنظیم تاجران کاشف چودھری کی تاجر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس، تاجر قیادت نے عیدالاضحیٰ کی آمد پر سمارٹ لاک ڈاؤن فوری ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔اس موقع پر کاشف چودھری اورصدرآل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی نے کہا لاک ڈاؤن کے نام پر کاروباروں کی بندش نے تاجروں کا معاشی دیوالیہ نکال دیا ہے ، گاہک مارکیٹوں کا رخ نہیں کر پا رہے ۔ تاجروں کا عید کیلئے خریدا گیا سٹاک فروخت نہیں ہو پا رہا ۔ ایف بی آر اصلاحات کے نام پر پوائنٹ آف سیلز کے نفاذ جرمانوں اور گرفتاریوں کے ذریعے تاجروں کو ہراساں کر رہا ہے ۔ پٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ معیشت کیلئے زہر قاتل ہے ۔اضافی ٹیکسز، بھاری بل اور پیرا فورسز کا ناروا رویہ کاروباربند کرانے کے مترادف ہے ۔پرانی عمارتوں کے نئے ریٹ پر نقشے منظور کروانے جیسے اقدامات نے کاروبار مشکل بنا دیا ہے ۔ وزیراعظم صورتحال کا نوٹس لیں۔ صدرقومی تاجر اتحاد خالد ملک ،صدرمرکزی انجمن تاجران قائداعظم گروپ ناصر انصاری اور صدر انجمن تاجران بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ وفار میاں نے کہاپوائنٹ آف سیلز کا نظام چھوٹے دکانداروں پر نافذ نہیں کیا جا سکتا۔تاجروں کو ہراساں کرنے کی بجائے سہولیات دی جائیں۔ عید تک سمارٹ لاک ڈاؤن مکمل ختم کیا جائے ۔ انڈسٹریز کو سستی بجلی دی جائے ۔