مالی سال 27-2026کیلئے میگا ترقیاتی منصوبوں کا پلان تیار
ایل ڈی اے کے اہم شاہراہوں پر ٹریفک بہتری کیلئے 40 ارب کے منصوبے تجویز
لاہور (شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے نے مالی سال 2026-27 کیلئے میگا ترقیاتی منصوبوں کا پلان تیار کر لیا۔ اے ڈی پی کے تحت ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے منصوبے زیر غور ہیں۔عبدالستار ایدھی روڈ، ڈیفنس روڈ، کچہری چوک اور بند روڈ کوریڈور سمیت اہم شاہراہوں پر بڑے منصوبے تجویز کیے گئے ہیں۔آئندہ مالی سال کیلئے 40 ارب روپے سے لاہور کے اربن نیٹ ورک کو مزید جدید بنانے کا پلان تیار کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق منصوبے کا محور شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی، رابطہ سڑکوں کی بہتری اور شہری سہولتوں میں اضافہ کرناہے ۔ عبدالستار ایدھی روڈ پر قزلباش چوک کے مقام پر انڈر پاس کی تعمیر جبکہ ڈیفنس روڈ پر گول چکر کو انڈر پاس میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ ارفع کریم ٹاور سے پیکو روڈ تک سٹرکچر پلان روڈ منصوبے کے آغاز کی تجویز بھی اے ڈی پی کا حصہ ہے ۔ کچہری چوک کے مقام پر انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ حکومت کو منظوری کیلئے بھیجاجائیگا جبکہ بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور فیز ٹو کو بھی آئندہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز سمیت شمالی لاہور میں نیا انڈر پاس اور اپ گریڈ کے 5 منصوبے بھی پلان کا حصہ ہیں جنکا مقصد ٹریفک روانی کو بہتر بنانا اور انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے ۔