بجٹ میں شعبہ صحت کیلئے 630 ارب مختص کرنیکی تجویز

بجٹ میں شعبہ صحت کیلئے 630 ارب مختص کرنیکی تجویز

صوبے کا سب سے بڑا ہیلتھ بجٹ ،نئے ہسپتال، میڈیکل کالجز ودیگرمنصوبے شامل

لاہور (بلال چودھری )پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں شعبہ صحت کو غیرمعمولی اہمیت دیتے ہوئے 630 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز پیش کر دی ۔ یہ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ہیلتھ بجٹ ہے جس میں نئے ہسپتال، میڈیکل کالجز، کینسر اور دل کے امراض کے مراکز، مفت ادویات اور ہیلتھ انشورنس سمیت متعدد بڑے منصوبوں کوشامل کیا گیا ہے ۔ بجٹ میں 450 ارب جاری اخراجات جبکہ 181 ارب ترقیاتی منصوبوں کیلئے تجویز کیے گئے ہیں۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں ترقیاتی بجٹ میں 131 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ سب سے نمایاں سکیم لاہور میں قائم ہونے والا پاکستان کا پہلا میڈیکل ڈسٹرکٹ ہے ۔ 109 ارب سے بننے والے اس منصوبے میں جدید کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ، چلڈرن ہسپتال 2، سپیشلائزڈ میڈیکل سٹی، میڈیکل یونیورسٹی، ریسرچ سینٹرز اور جدید تشخیصی لیبارٹریز قائم کی جائیں گی۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ منصوبہ نا صرف پنجاب بلکہ ملک بھر کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرے گا۔ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کاکہناہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے ۔ منصوبوں سے مریضوں کو بڑے شہروں کے طویل سفر اور مہنگے علاج سے نجات ملے گی۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کے مطابق مریم نواز کمیونٹی ہیلتھ سروس پروگرام کیلئے 12.6 ارب رکھنے کی تجویز ہے تاکہ بنیادی طبی سہولیات گھر گھر پہنچائی جا سکیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں