جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی،تجربہ کار ڈاکٹرز نہ مل سکے
کارڈیک سرجری ودیگرشعبوں میں شارٹ لسٹ امیدوار ناتجربہ کار قرار پائے
لاہور ( ہیلتھ رپورٹر )جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی موزوں ہیومن ریسورس کی تلاش مشکلات سے دوچار ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال کے بیشتر شعبوں میں تجربہ کار ڈاکٹرز، کنسلٹنٹس اور ٹیکنیشنز دستیاب نہ ہو سکے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارڈیک سرجری کے رجسٹرار کی 12 اسامیوں پر صرف 12 امیدوار آئے لیکن ان میں کوئی بھی کارڈیک سرجری کا تجربہ کار نہ نکلا۔ اسی طرح انستھیزیا کے رجسٹرار کی 15 سیٹوں پر شارٹ لسٹ ہونے والے تمام ڈاکٹرز کا تجربہ صفر رہا۔ ہیلتھ فزیسٹ کی 7 سیٹوں پر بھی شارٹ لسٹ امیدوار ناتجربہ کار قرار پائے ۔کنسلٹنٹ نیوکلیئر میڈیسن کی 9 سیٹوں کیلئے شارٹ لسٹ 7 امیدوار نا تجربہ کارنکلے ۔ کنسلٹنٹ کارڈیک سرجری کے 9 شارٹ لسٹ میں سے 2 اور کنسلٹنٹ انستھیزیا کے 5 میں سے 3کا تجربہ ہی نہیں۔ سینئر کنسلٹنٹ کارڈیالوجی کی 11 سیٹوں پر شارٹ لسٹ ہونے والے 1 امیدوار کا بھی کوئی تجربہ نہیں۔ کارڈیک انستھیزیا ٹیکنولوجسٹ کی 64 سیٹوں پر 52 امیدوار بغیر کسی تجربے کے شارٹ لسٹ کر لیے گئے ۔ ذرائع کے مطابق بیشتر اسامیوں پر مطلوبہ تعداد سے زیادہ افراد نے اپلائی بھی نہیں کیا۔ صوبائی وزیر صحت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق کاکہناہے کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں میرٹ پر تعیناتیاں کی جائینگی۔ میرٹ اور سکلز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ۔،اہل اور تجربہ کار عملے کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔