پی آئی سی میں چوہوں کی بھرمار ،مریض ،لواحقین خوفزدہ
حساس شعبوں میں چوہے آزادانہ گھوم پھر رہے ،مؤثر صفائی اقدامات کا مطالبہ
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )دل کے مریضوں کی سب سے بڑے علاج گاہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں حفظانِ صحت کی ابتر صورتحال سامنے آ گئی۔ ہسپتال کے حساس شعبوں میں چوہوں کی بھرمار سے مریضوں اور لواحقین میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ائیر ہینڈلنگ روم سے چوہوں کے نکلنے کا انکشاف ہوا ۔ انجیو رپورٹ کاؤنٹر کے اطراف بھی چوہے آزادانہ گھومتے دیکھے گئے ۔ حساس طبی شعبے اور انجیوگرافی روم کے قریب چوہوں کی موجودگی سے انفیکشن کنٹرول اور صفائی کا نظام شدید متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ۔مریضوں اور انکے لواحقین نے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دل کے مریضوں کے علاج کے مرکز میں گندگی اور چوہوں کی موجودگی ناقابل برداشت ہے ۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے فوری طور پر چوہوں کے خاتمے اور مؤثر صفائی اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ نوٹس کالیتے ہوئے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پی آئی سی پروفیسر عمران شاہ نے سینٹری انسپکٹر سے رپورٹ طلب کر لی ۔ انکا کہنا ہے کہ گندگی اور چوہوں کی موجودگی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ حفظانِ صحت کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ماہرین صحت کے مطابق کارڈیک وارڈز اور انجیوگرافی جیسے حساس شعبوں میں چوہوں کی موجودگی مریضوں کیلئے انفیکشن کا بڑا خطرہ بن سکتی ہے ۔