قومی پیغامِ امن کمیٹی نے اہم معاملات پر متفقہ بیانیہ دیا:طاہر اشرفی

قومی پیغامِ امن کمیٹی نے اہم معاملات پر متفقہ بیانیہ دیا:طاہر اشرفی

محرم میں علمانے مثالی کردار ادا کیا:سلمان رفیق، رمیش اروڑہ، پریس کانفرنس

لاہور(سیاسی نمائندہ)قومی پیغامِ امن کمیٹی کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی، صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے خطاب کیا۔ مقررین نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر بالخصوص پنجاب میں امن و امان کی مثالی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے ، مذہبی رواداری کے فروغ اور شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی نے گزشتہ ستمبر سے اب تک پیش آنے والے تمام اہم مذہبی اور قومی معاملات پر متفقہ بیانیہ دیا، جسے ملک بھر کی مساجد کے خطبات میں بھی شامل کیا گیا،گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات ہوئی ہے ، جس کی تفصیلات جلد عوام کے سامنے رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سب کا ملک ہے اور کسی کو بھی غیر مسلموں کی عبادت گاہوں پر قبضہ کرنے یا ان کے مذہبی حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ قومی امن کمیٹی ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے شاندار خدمات انجام دے رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں