پی ایچ ڈی حصول سے قبل کانفرنسوں میں شرکت لازمی قرار
فیصلہ وی سی یو ایچ ایس کی زیر صدارت ASRB کے اجلاس میں کیا گیا
لاہور (آن لائن) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے تحقیق کے معیار کو عالمی سطح پر لے جانے اور اعلیٰ طبی تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پی ایچ ڈی پروگرامز میں اہم اصلاحات متعارف کرا دی ہیں۔ اب ہر پی ایچ ڈی سکالر کے لیے ڈگری حاصل کرنے سے قبل اپنے متعلقہ شعبے میں کم از کم تین قومی اور ایک بین الاقوامی کانفرنس یا سیمینار میں شرکت لازمی ہوگی۔ یہ فیصلہ جمعرات کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے 227ویں اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد فہیم اشرف کو فارنزک سائنسز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ ان کی تحقیق نینو پارٹیکلز پر مبنی ایسے سینسر کی تیاری سے متعلق ہے جو فارنزک تحقیقات میں لائیڈوکین اور اس کے میٹابولائٹس کی فوری نشاندہی کر سکتا ہے ۔ ان کی تحقیقی کاوش ایچ ای سی کی ڈبلیو کیٹیگری کے تحقیقی جریدے میں بھی شائع ہو چکی ہے ۔ ریسرچ بورڈ نے پی ایچ ڈی ان میڈیکل ایجوکیشن، پی ایچ ڈی ان نرسنگ، پی ایچ ڈی ان اورل بایولوجی، پی ایچ ڈی ان پبلک ہیلتھ، ماسٹر آف ہیلتھ پروفیشنز ایجوکیشن کے نظرثانی شدہ نصاب اور سرٹیفکیٹ اِن کمپری ہینسو فیملی میڈیسن پریکٹس اینڈ ایمرجنسی کیئر کی بھی منظوری دیدی۔ پی ایچ ڈی نرسنگ کا نیا نصاب نرچر فریم ورک کے تحت تیار کیا گیا ہے جس میں تحقیقی مہارت، کلینیکل لیڈرشپ، تدریسی صلاحیت، صحت عامہ کی پالیسی، 500 گھنٹے کلینیکل ریزیڈنسی، 200 گھنٹے ٹیچنگ ریزیڈنسی اور لازمی لائف سیونگ سکلز ورکشاپس شامل ہیں۔