داتادربار پر توسیعی کام جلد مکمل ہوجائیگا:ایڈمنسٹریٹر
سول سروسز کے زیرِ تربیت افسران کے وفد کامنصوبے کا دورہ،بریفنگ
لاہور (سیاسی نمائندہ)ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے وژن کے عین مطابق حکومتِ پنجاب حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار کی وسیع پیمانے پر تاریخی توسیع کر رہی ہے جس کے تحت بیرونی ترقیاتی کام بھی جلدی مکمل ہو جائے گا اور اندرونی حصوں کے ترقیاتی کاموں پر بھی انتہائی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ یہاں آنے والے لاکھوں عقیدت مندوں کو ہر ممکن آسانی اور سکون میسر آ سکے ۔ان خیالات کا اظہار سول سروسز اکیڈمی کے 54ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے زیرِ تربیت افسران کے وفد کو توسیعی منصوبے ، صوفی ازم، داتا دربار ہسپتال اور جامعہ ہجویریہ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔سول سروسز اکیڈمی کے اعلیٰ سطحی وفد نے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ کی خصوصی دعوت پر مزارِ اقدس کا دورہ کیا۔ وفد نے بریفنگ کے دوران مزار شریف کی منیجمنٹ اور توسیعی منصوبے کی شب و روز نگرانی کے حوالے سے سیکرٹری اوقاف کی مخلصانہ کوششوں، ذاتی دلچسپی اور انتھک خدمات کو بھی خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا ۔ایڈمنسٹریٹر داتا دربار نے وفد کو بتایا کہ محکمہ اوقاف زائرین کے آرام اور سہولیات کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے ۔