صنعتوں کو سستی توانائی کی فراہمی ناگزیر :ایف پی سی سی آئی

صنعتوں کو سستی توانائی کی فراہمی ناگزیر :ایف پی سی سی آئی

سولر بیٹریزخریداری کیلئے فنانسنگ سکیم متعارف کرائی جائے :عاطف اکرام ودیگر

لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے ، توانائی کے تحفظ اور پائیدار معاشی استحکام کیلئے شمسی توانائی کا فروغ ناگزیر ہو چکا ہے ۔ موجودہ حالات میں صنعتوں کو سستی، قابلِ اعتماد اور ماحول دوست توانائی کی فراہمی ملکی معیشت کی اولین ضرورت ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 10، 11 اور 12 جولائی 2026 کو لاہور ایکسپو سنٹر میں سولر اینڈ سٹوریج ایکسپوکا انعقاد کیا جا رہا ہے ، جو تین ہالز پر مشتمل ہوگی۔70 سے زائد بین الاقوامی اور 70 سے زائد مقامی برانڈز شرکت کر رہے ہیں، جہاں جدید سولر ٹیکنالوجی، انرجی اسٹوریج سلوشنز اور قابلِ تجدید توانائی سے متعلق جدید مصنوعات اور خدمات پیش کی جائیں گی۔ایف پی سی سی آئی ریجنل چیئرمین و نائب صدر ذکی اعجاز، سولر ایسوسی ایشن کے چیئرمین وقاص موسیٰ،سابق چیئرمین عامر پرویز، سینئر رہنما عادل محمود اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ سولر بیٹریز کی خریداری کیلئے صرف 3 فیصد شرح پر خصوصی فنانسنگ اسکیم متعارف کرائی جائے تاکہ خصوصاً پنجاب کی صنعت کم لاگت پر توانائی حاصل کرکے عالمی منڈی میں مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں