منشیات کیخلاف آگاہی کیلئے’’رائیڈ فار اے کاز‘‘ سائیکل ریلی
اختتام پر نمایاں خدمات انجام دینے والے شرکا میں شیلڈز تقسیم کی گئیں
لاہور( خبرنگار)نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کیخلاف شعور بیدار کرنے کیلئے ’’رائیڈ فار اے کاز‘‘ کے عنوان سے سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں، کھلاڑیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔ریلی کا آغاز لبرٹی چوک سے ہوا۔ شرکانیو اوریگا، صدیق ٹریڈ سینٹر، کنیرڈ کالج اور جی او آر سے ہوتے ہوئے باغِ جناح پہنچے ،جہاں ریلی اختتام پذیر ہوئی۔تقریب میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسے ناسور سے محفوظ رکھنے کیلئے کھیلوں کے فروغ اور صحتمند سرگرمیوں کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انسدادِ منشیات مہم کے کنسلٹنٹ سید ذوالفقار حسین نے شرکاء کو مہم کی پیش رفت، مقاصد اور آئندہ کے اہداف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے محفوظ مستقبل کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو منشیات کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔ریلی کے اختتام پر نمایاں خدمات انجام دینے والے شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔