نشتر کالونی،سید والا،تلونڈی سے 3لاشیں برآمد
2 کی شناخت نہ ہوسکی، گدپور میں لاپتہ 8سالہ عبیداللہ کی لاش نہر سے ملی
کاہنہ،سیدوالا،تلونڈی(نمائندہ دنیا، نامہ نگاران)لاہور کے علاقہ نشتر کالونی،سید والا اور قصور کے علاقہ تلونڈی سے 3لاشیں برآمد کرلی گئیں۔ نشتر کالونی کے علاقہ اعوان مارکیٹ میں نجی پٹرول پمپ کے قریب سے 20 سالہ نوجوان کی لاش ملی ہے ،پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس کے مطابق متوفی حلیہ سے نشے کا عادی لگتا ہے ،ادھر تھانہ سیدوالا پولیس کو اطلاع ملی کہ کنڈ رحم شاہ سید والا کے مقام پر دریائے راوی میں نامعلوم شخص کی لاش تیر رہی ہے جسے پولیس نے پانی سے نکال لیا۔ لاش 10 سے 15 روز پرانی اور تقریباً 50 سالہ شخص کی تھی اور پانی میں رہنے کے سبب پھول کر ناقابل شناخت ہو چکی تھی۔پولیس نے لاوارث قرار دے کر سپردخاک کردیا۔تلونڈی کے نواحی علاقہ گدپور میں لاپتہ 8سالہ بچے عبیداللہ کی لاش نہر سے برآمد کر لی گئی۔پولیس کے مطابق عبیداللہ کا تعلق ضلع لیہ سے تھا اور وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گدپور میں مہمان آیا ہوا تھا۔ بچہ صبح تقریباً 6 بجے گھر سے نکلا مگر واپس نہ آیا،تین گھنٹے کی تلاش کے بعد لاش قریبی نہر سے مل گئی۔