عوام کے مسائل کا بروقت حل اولین ترجیح ہے :ڈی سی ننکانہ
تسلیم اختر راؤ کی دفتر میں شہریوں سے ملاقات، مسائل سنکر افسروں کو حل کی ہدایات
ننکانہ صاحب (خبر نگار )ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے اپنے دفتر میں شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و شکایات تفصیل سے سنیں۔اس موقع پر ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے ریونیو، میونسپل سروسز، صفائی، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر عوامی مسائل سے متعلق درخواستیں پیش کیں۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے شہریوں کی شکایات اور مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسروں کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں اور متعدد درخواستوں پر فوری کارروائی کے احکامات دئیے ۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں بلاجواز تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ مدت کے اندر درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی اور مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔