سموگ تدارک مہم،ڈرائیورز کا لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ
کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کیساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جائینگے
لاہور( کرائم رپورٹر)سی ٹی او لاہور نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جائیں گے ۔ بغیر ترپال مٹی، ریت والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کا شہر لاہور میں داخلہ بند ہے ، خلاف ورزی پر پرچہ دیے جا رہے ہیں، مالیاتی سال کے دوران دھواں چھوڑنے والی 01 لاکھ، 14ہزار378 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس دئیے گئے ۔سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق سموگ تدارک مہم کے دوران 01 ہزار 401 مقدمات درج کرائے گئے ۔ بغیر ترپال ڈھانپے ریت، مٹی و دیگر آلودگی کا باعث بننے والی 53 ہزار 599 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ بغیر فٹنس اور خستہ حال 01 لاکھ 88 ہزار374 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔سی ٹی او لاہور کے مطابق مٹی، ریت اور دیگر مائنز سائٹس پر خصوصی کریک ڈاؤن کیا گیا۔ بغیر ترپال، پانی و دیگر حفاظتی اقدامات کے بغیر ٹریکٹر ٹرالی چلنے کی اجازت نہیں، تمام ڈی ایس پیز شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی کارروائیاں کررہے ہیں۔