موٹروے :ملزم گرفتار ، اسلحہ ، جعلی نمبر پلیٹس برآمد
آئی ٹی ایس نے مشتبہ گاڑی کی نشاندہی کی، پولیس نے ناکہ بندی کر دی
لاہور(اے پی پی)موٹروے پر جدید انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ ایم-5 پر چوری کے مقدمے میں مطلوب مسلح ملزم کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کا مسروقہ سامان، اسلحہ اور جعلی نمبر پلیٹس برآمد کر لی گئیں۔ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق آئی ٹی ایس نے مشتبہ گاڑی کی بروقت نشاندہی کی، جس پر موٹروے پولیس نے فوری ناکہ بندی کر دی۔
ملزم نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم موٹروے پولیس نے تعاقب کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔ملزم کے قبضے سے 10 سولر انورٹر، 2 لیتھیم بیٹریاں، ایک لاکھ 36 ہزار روپے نقد، ایک پستول، 10 گولیاں، جعلی نمبر پلیٹس اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق برآمد ہونے والی گاڑی بہاولپور میں دکان میں چوری کے مقدمے میں مطلوب تھی۔ گرفتارملزم کو گاڑی اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اچ شریف پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔