خام اون کی برآمد پر پابندی عائد کی جائے :پی سی ایم ای اے
42ویں عالمی نمائش کی تیاریوں کیلئے حکومتی فنڈز جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار
لاہور (آن لائن) پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیف کلکٹر اور کلکٹر کسٹمز سے ملاقات کرکے ہاتھ سے بنے قالینوں کے برآمد کنندگان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفد میں پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک، چیئرمین میاں عتیق الرحمن، وائس چیئرمین ریاض احمد، چیئرپرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمن اور سینئر ممبر سعید خان شامل تھے ۔ملاقات کے دوران وفد نے ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدی کلیئرنس میں حائل رکاوٹوں اور بعض غیر منصفانہ ڈیوٹیز کے باعث درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر مستقبل میں بھی کسٹمز حکام اور پی سی ایم ای اے کے درمیان باہمی تعاون اور مثبت روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔دریں اثناء کارپٹ ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں رواں سال اکتوبر میں شیڈول 42ویں عالمی نمائش کی تیاریوں کے لیے حکومتی فنڈز جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا کہ بارہا مطالبات اور درخواستوں کے باوجود فنڈز جاری نہ ہونے سے مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔