پی پی ایس سی :ایس اینڈ جی اے ڈی کی اسامیوں کے نتائج
کامیاب امیدواروں کو سائیکولوجیکل اسسمنٹ اور انٹرویوز کے مراحل سے گزارا گیا
لاہور (اے پی پی) پنجاب پبلک سروس کمیشن نے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں پی ایم ایس (منسٹریل کوٹہ)کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ کمیشن نے 21 اسامیوں کے لیے نتائج جاری کیے جن میں 20 امیدواروں کو تقرری کے لیے صوبائی حکومت کو سفارش کیا گیا ہے ۔ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن ڈپٹی ڈائریکٹر سید کاظم مقدس کاظمی کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن کے زیر انتظام پی ایم ایس (منسٹریل کوٹہ) کے لیے منعقدہ بھرتی کے عمل میں پنجاب بھر سے پندرہ ہزار سے زائد سرکاری ملازمین نے درخواستیں جمع کروائیں۔
پی ایم ایس منسٹریل کوٹہ پنجاب حکومت کے مختلف محکموں میں خدمات انجام دینے والے اہل اور تجربہ کار سرکاری ملازمین کو انتظامی سروس میں ترقی کا موقع فراہم کرتا ہے ، جس کے ذریعے وہ صوبائی مینجمنٹ سروس کا حصہ بن سکتے ہیں۔ بھرتی کے اس کثیر مرحلہ جاتی عمل میں امیدواروں نے جنرل نالج، انگلش اور اردو مضمون نویسی پر مشتمل تحریری امتحانات میں شرکت کی۔ تحریری امتحانات میں کامیاب امیدواروں کو بعد ازاں سائیکولوجیکل اسسمنٹ اور انٹرویوز کے مراحل سے گزارا گیا۔ اس کے بعد امیدواروں کا حتمی انٹرویو لیا گیا۔تمام مراحل کی تکمیل کے بعد پنجاب پبلک سروس کمیشن نے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں پی ایم ایس (منسٹریل کوٹہ) کی 21 اسامیوں کے نتائج جاری کر دئیے ہیں۔ کمیشن نے 20 امیدواروں کو تقرری کے لیے صوبائی حکومت کو سفارش کر دیا ہے جبکہ ایک اسامی لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں فی الحال روکی گئی ہے۔