حالیہ دہشتگردی واقعات میں بھارت ملوث : شذرہ منصب
پاکستان مزید برداشت نہیں کریگا،ہر اینٹ کا جواب پتھر سے دیگا:وزیر مملکت
ننکانہ صاحب (خبر نگار ) وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت ڈاکٹر شذرہ منصب نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات افسوسناک اور قابل مذمت ہیں اور دہشتگردی کے ان واقعات میں بھارت ملوث ہے ، ننکانہ صاحب میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شذرہ منصب نے کہا کہ بھارت اب سازشوں کے ذریعے پاکستان کے ہاتھوں ہونے والی شکست کا بدلہ لینے کی ناکام کوشش کر رہا ہے ، پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی کو مزید برداشت نہیں کرے گا اور ہر اینٹ کا جواب پتھر سے دے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر فوج حکومت اور عوام کے ساتھ مل کر دہشتگردی کو کچلے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پندرہ سال میں صوبے کی حالت بگاڑ کر رکھ دی ہے اور وہاں لوگ بنیادی ضروریات کو ترس رہے ہیں۔ڈاکٹر شذرہ منصب نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے انتخابی جلسے میں ننکانہ صاحب کو ماڈل سٹی بنانے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر عملی کام کا آغاز ہو گیا ہے ، پنجاب حکومت کی طرف سے چھ ارب روپے کے خطیر فنڈز سے نئے اور جدید سیوریج سسٹم پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ باقی منصوبوں پر بھی بہت جلد کام شروع کر دیا جائے گا، عالمی اہمیت کے حامل شہر ننکانہ صاحب کو حقیقی معنوں میں ماڈل سٹی بنائیں گے۔