ٹورازم کے کنٹرولر کی تعیناتی بارے قوانین کالعدم قرار

ٹورازم کے کنٹرولر کی تعیناتی بارے قوانین کالعدم قرار

کنٹرولر ٹورسٹ سروسز کا عہدہ خصوصی نوعیت کا ہے ،تحریری فیصلہ جاری

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ ٹورازم کے کنٹرولر کی تعیناتی سے متعلق 2025 کے رولز کالعدم قرار دے دیے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ کنٹرولر ٹورسٹ سروسز کا عہدہ خصوصی نوعیت کا ہے ، اس لیے متعلقہ تعلیم، تربیت اور تجربہ ضروری ہے ۔ صرف پی اے ایس یا پی ایم ایس افسر ہونے کی بنیاد پر کنٹرولر کی تعیناتی کا معیار غیرمنصفانہ ہے ۔ جسٹس راحیل کامران نے درخواست گزار حافظ غضنفر علی کی درخواست پر 17 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے فیصلے میں حکومت پنجاب کو ہدایت کی کہ کنٹرولر کی تعیناتی کے لیے معقول، واضح اور متعلقہ تعلیمی و تجربے کے معیار پر نئے رولز بنائے جائیں اور نئے رولز کے بعد کنٹرولر کی تعیناتی کا عمل ازسرنو تین ماہ میں مکمل کیا جائے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ حکومت کو سروس رولز تبدیل کرنے کا اختیار ہے ، تاہم میرٹ، مساوات اور سب کو برابر مواقع دینا ضروری ہے ۔ نئے رولز میں کنٹرولر کی تعیناتی کے لیے کوئی متعلقہ تعلیمی قابلیت یا تجربہ مقرر نہیں کیا گیا، جبکہ ڈپٹی کنٹرولر کے لیے پانچ سال کا متعلقہ تجربہ لازمی ہے ۔ فیصلے میں کہا گیا کہ کنٹرولر کی تعیناتی میں متعلقہ شعبے کے تجربے کو مکمل طور پر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ متعلقہ تجربہ رکھنے والے افسران کو صرف سروس وابستگی کی بنیاد پر نظرانداز کرنا امتیازی سلوک ہے ، جبکہ کنٹرولر کے لیے تجربے کی شرط ختم کرنے کی کوئی معقول وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...