جناح ہسپتال :پارکنگ کے نظام میں لاکھوں کے فرق کا انکشاف
انتظامی اور مالی خامیوں کی نشاندہی کرنے والی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ جاری
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )جناح ہسپتال لاہور کی پارکنگ میں سنگین انتظامی اور مالی خامیوں کی نشاندہی کرنے والی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ سامنے آ گئی ہے ۔ رپورٹ میں پارکنگ کے نظام میں شفافیت کے فقدان اور لاکھوں روپے کے فرق کا انکشاف کیا گیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق پارکنگ کا سابقہ کنٹریکٹ ماہانہ 25 لاکھ 45 ہزار 899 روپے میں دیا گیا تھا۔ اس حساب سے ہسپتال کو روزانہ 84 ہزار 863 روپے کی آمدن ہوتی تھی۔ تاہم یکم جولائی 2026 سے پارکنگ کا عبوری انتظام ہسپتال کے اپنے 16 ملازمین کے سپرد کیا گیا جس کے بعد روزانہ وصولیاں 35 ہزار سے 45 ہزار روپے تک رہیں۔انکوائری کمیٹی نے نشاندہی کی کہ سابقہ کنٹریکٹ رقم اور موجودہ وصولیوں میں نمایاں مالی فرق پایا گیا ہے ۔ اس کے باوجود پارکنگ آمدن کا مکمل مالی آڈٹ موجود نہیں۔ پارکنگ کی روزانہ کیش کلیکشن اور بینک میں رقم جمع کرانے کا قابل احتساب ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پارکنگ میں مقررہ 16 ملازمین کے علاوہ دیگر غیر متعلقہ افراد بھی کام کر رہے تھے ۔ کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ ان افراد کو کس نے اجازت دی اور ان سے وصول کی گئی رقم کس کے حوالے کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments