سیف سٹیز: 40 سال قبل بچھڑنے والی کے خاندان کا سراغ لگا لیا
میرا پیارا ٹیم نے دیپالپور مقیم کوہ نور کی بنگلہ دیش میں اہلخانہ سے ویڈیو کال کروا دی
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے گمشدہ افراد کو اپنوں سے ملوانے کے منصوبے ’’میرا پیارا‘‘کی ٹیم نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی۔ تقریباً 40 سال قبل بنگلہ دیش میں اپنے اہلخانہ سے بچھڑنے والی کوہ نور کے خاندان کا سراغ لگا لیا گیا۔ ٹیم نے دیپالپور میں مقیم کوہ نور کی بنگلہ دیش میں اہلخانہ سے ویڈیو کال پر بات بھی کروا دی۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق کوہ نور کو اغوا کرکے لایا گیا تھا۔ وہ 8 سال کی عمر میں اہلخانہ سے جدا ہونے پر کئی دہائیوں سے اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں مقیم ہے ۔اپنے خاندان کو تلاش کرنے کیلئے کوہ نور نے سیف سٹی سے رابطہ کیا، ٹیم نے انکی تفصیلات اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرکے تلاش شروع کر دی۔سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھ کر دبئی مقیم شہری نے سیف سٹی حکام سے رابطہ کیا اور کوہ نور کے خاندان کی معلومات، رابطہ نمبرز اور شناختی دستاویزات فراہم کیں۔ سنٹر فار چائلڈ سیفٹی ٹیم اہلخانہ سے رابطہ کرکے معلومات کی تصدیق کے بعد دیپالپور کوہ نور کے گھر پہنچی اور ویڈیو کال کروائی۔ 40 سال بعد پیاروں کو سکرین پر دیکھ کر کوہ نور کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے ۔ اہلِخانہ نے کوہ نور کو جلد واپس لانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ کوہ نور کی واپسی کیلئے ضروری تصدیقی وقانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد اقدامات کیے جائینگے ۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ گمشدہ اور لاوارث افراد بارے معلومات فراہمی کیلئے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کریں اور آپشن 3 دبائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments