سینٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ منصوبہ تاحال منظوری کا منتظر
وحدت روڈ پرچارارب کا منصوبہ تیار کیا گیا تاہم پی سی ون تاحال منظور نہ ہوسکا
لاہور(خبر نگار)جدید تعلیمی ادارے کے قیام کا منصوبہ تاحال منظوری کا منتظر ، وحدت روڈ پر سینٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ کے قیام کیلئے چار ارب روپے لاگت کا منصوبہ تیار کیا گیا تاہم پی سی ون تاحال منظور نہ ہوسکا۔ وزیراعلیٰ پنجاب پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے چکی ہیں لیکن منصوبے پر عملی پیشرفت کیلئے پی سی ون کی منظوری اب بھی اہم مرحلہ ہے ۔ منصوبے کے تحت تقریباً دس ہزار طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے اور ایچی سن کالج کے معیار کی تعلیم دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔منصوبے کیلئے رواں مالی سال کے دوران چھیانوے کروڑ اناسی لاکھ مختص کیے گئے ہیں تاہم پی سی ون منظور نہ ہونے پرپیشرفت کا معاملہ لٹک گیا ہے ۔سینٹر میں ریسورس سینٹر بھی قائم کیا جائے گا جسکا مقصد تعلیمی سرگرمیوں اور سہولیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔سینٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز وحدت روڈ پائلٹ ہائی سکول اور کمپری ہینسو سکول فار گرلز سے ہونا ہے تاہم منصوبہ پی سی ون کی منظوری کا منتظر ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments