آواز ڈسٹرکٹ فورم وہاڑی کا اجلاس، سماجی مسائل پر تفصیلی غور
2025 کی کارکردگی پیش، معذور افراد ، خواتین کے لیے قرضہ سکیم پر بریفنگ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) ایس پی او کے زیر اہتمام آواز ڈسٹرکٹ فورم وہاڑی کا اجلاس ضلعی کوآرڈینیٹر مریم طارق کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جسے شرکاء نے تسلی بخش قرار دیا۔ اجلاس میں کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران عوامی فلاح، سماجی ہم آہنگی، کم عمری کی شادی اور صنفی تشدد جیسے اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ کیتھولک چرچ کی حدود اور گیٹ کے مسئلے پر ڈپٹی کمشنر وہاڑی کو درخواست دینے کا فیصلہ کیا گیا۔الخدمت فاؤنڈیشن ضلع وہاڑی کے جنرل سیکرٹری مقصود اطہر نے بتایا کہ معذور افراد، خواتین اور ضرورت مند افراد کو 40 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک بلا سود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ بنو قابل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مفت ڈیجیٹل ہنر سکھائے جا رہے ہیں۔پولیس انسپکٹر میڈم نسرین نے جھوٹے مقدمات کی حوصلہ شکنی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو حقائق پر مبنی اور جائز مقدمات درج کرانے چاہئیں۔ اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں، سول سوسائٹی اور کمیونٹی نمائندگان نے شرکت کی، جبکہ کرسمس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔