وہاڑی ، چوری کی وارداتوں میں اضافہ، شہری عدم تحفظ کا شکار
مختلف تھانوں کی حدود میں آٹھ وارداتیں، لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)ضلع وہاڑی میں چوری کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، مختلف علاقوں میں آٹھ چوری کی وارداتوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری ہو گیا۔ تھانہ فتح شاہ کی حدود چک نمبر 49 کے بی میں محمد امین کھچی کے گھر سے دن دہاڑے واٹر پمپ چوری کر لیا گیا۔تھانہ گگو کی حدود میں غلام مرتضیٰ کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی، جبکہ غلام رسول کے ڈیرے سے بیٹریاں، انورٹر اور سپرے مشین سمیت تین لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا گیا۔ ظہیر الدین کی دکان کے تالے توڑ کر چھ ہزار روپے نقدی چوری کی گئی۔تھانہ ماڈل ٹاؤن کی حدود میں راشد محمود کی اہلیہ کے پرس سے موبائل فون اور 20 ہزار روپے چوری ہو گئے ۔ گول چوک سے علی عدنان کی جوتوں کی ریڑھی مالیتی دو لاکھ 30 ہزار روپے چوری کر لی گئی۔تھانہ سٹی میں محمد صہیب اور تھانہ صدر میں محمد رضوان کا سامان چوری ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ۔ شہریوں نے بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او وہاڑی سے مطالبہ کیا ہے کہ مؤثر اقدامات کر کے چوروں کو جلد گرفتار کیا جائے ۔