سرکاری سکولوں میں اساتذہ کے ڈریس کوڈ پر سختی سے عملدرآمد شروع
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ تعلیم نے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کے لیے مقررہ ڈریس کوڈ پر سختی سے عملدرآمد شروع کر دیا ہے ۔۔۔
اس کے تحت خواتین اساتذہ پر گاؤن پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ڈاکٹر صفدر واہگہ سمیت ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور دیگر تعلیمی افسران نے مختلف سکولوں کا اچانک دورہ کر کے ڈریس کوڈ کی پابندی کا جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق دوروں کے دوران اساتذہ کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں اور یونیفارم کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والی بعض اساتذہ کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ بعض مقامات پر وضاحت طلبی کے نوٹس بھی دیے گئے۔