حکومت معیشت کی بحالی میں پیش رفت کر چکی ،جعفر شاہ
ملتان (لیڈی رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے ضلعی صدر سید جعفر شاہ نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی بحالی میں پیش رفت کر چکی ہے ۔۔
، اب ضروری ہے کہ معیشت میں عملی کردار ادا کرنے والے شعبوں خصوصاً چھوٹے تاجروں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں چھوٹے تاجروں کے لیے ٹیکسوں اور یوٹیلٹی بلز میں رعایتی پیکیج متعارف کرایا جائے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود تاجر برادری مختلف ٹیکسز کی ادائیگی کے ذریعے حکومت کا ساتھ دے رہی ہے اور ملک میں روزگار کی فراہمی کا بھی اہم ذریعہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے صنعتی اور تجارتی شعبوں کو متعدد مراعاتی پیکجز دیے جاتے ہیں اور انہیں ٹیکسز، بجلی اور گیس کے بلوں میں رعایت حاصل ہوتی ہے جبکہ چھوٹے تاجر مسلسل نظر انداز ہو رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہباز شریف اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کریں گے اور چھوٹے تاجروں کے لیے عملی ریلیف اقدامات کا اعلان کیا جائے گا تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے اور معیشت مزید مستحکم ہو سکے ۔