میلسی : محلہ ریاض آباد شدید مسائل کا شکار ، مکین پریشان

میلسی : محلہ ریاض آباد شدید مسائل کا شکار ، مکین پریشان

متعدد گلیاں کئی روز سے سیوریج کے گندے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، نوٹس کا مطالبہ

میلسی (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا ) میلسی شہر کی مصروف ملتان روڈ سے ملحقہ محلہ ریاض آباد شدید مسائل کا شکار ہے ، جہاں گلی حاجی منظور سنارہ والی، حاجی رفیق گازر والی، مہر محمد سعود آرائیں والی اور مستری مختیار والی سمیت متعدد گلیاں کئی روز سے سیوریج کے گندے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ پورا علاقہ تعفن اور بدبو میں گھرا ہوا ہے ، جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے ۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ناکام سیوریج سسٹم کے باعث کھڑا پانی بیماریوں کا سبب بن رہا ہے ، اور نمازیوں، بزرگوں، خواتین اور اسکول جانے والے بچوں کو آمد و رفت میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے ۔ کئی گھروں کے دروازے تک پانی پہنچ چکا ہے ، جس سے عمارتوں کی بنیادیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔شہریوں نے متعدد بار متعلقہ اداروں سے رجوع کیا، لیکن افسران ذمہ داری لینے سے گریز کر رہے ہیں۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر سیوریج کی بحالی یقینی بنائی جائے اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ، تاکہ ریاض آباد کے مکین سکون کے سانس لے سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں