میاں مائنر موضع شاہ پور ثانی میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم
غوث تک کے کاشتکاروں کے سات موگے تاحال بند : متاثرین،کارروائی کا مطالبہ
میلسی (نامہ نگار ) میاں مائنر موضع شاہ پور ثانی میں محکمہ انہار کے اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کا معاملہ سامنے آ گیا۔ مقامی کسانوں کا الزام ہے کہ ایکسین اور میٹ بیلدار مختلف بہانوں سے مائنر کو درمیان سے بند کر کے مخصوص افراد کو بھاری رشوت کے عوض پانی فروخت کرتے ہیں۔کسانوں کے مطابق اکثر رات کے اوقات میں پانی فروخت کیا جاتا ہے جبکہ غوث تک کے کاشتکاروں کے سات موگے تاحال بند ہیں اور صرف دو موگھوں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے ، جس کے باعث متعدد فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ پانی کی غیر منصفانہ تقسیم سے انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا ہے ۔سماجی رہنما دلدار احمد رضا بُرہانی نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور تمام موگھوں کو بلاامتیاز پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔کسانوں نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مسئلہ حل نہ ہوا تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔