بورے والا:رشوت طلبی کی آڈیو وائرل ، اے ایس آئی معطل
اے ایس آئی انوار نے بغیر مقدمہ شہری کوحراست میں رکھا اور رشوت طلب کی
بورے والا (سٹی رپورٹر ) تھانہ ماڈل ٹاؤن میں تعینات اے ایس آئی انوار کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آنے پر پولیس حکام نے کارروائی شروع کر دی۔ شہری شہباز حسین کے مطابق اس کے رشتہ دار فاروق احمد کو بغیر مقدمہ حراست میں رکھ کر مبینہ طور پر پولیس مقابلہ میں زخمی نہ کرنے کے عوض 20 ہزار روپے رشوت طلب کی گئی۔ آڈیو میں اہلکار کو ملزم سے رقم مانگتے اور اسے شراب کی چالو بھٹی کے مقدمہ میں چالان کرنے کا ذکر کرتے سنا جا سکتا ہے ۔ واقعہ سامنے آنے پر ڈی پی او تصور اقبال نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی انوار کو معطل کر کے چارج شیٹ کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس حکام کے مطابق معاملہ کی محکمانہ انکوائری جاری ہے جبکہ ذمہ دار ثابت ہونے پر مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔