گھر کے سامنے سے تجاوزات ختم کی جائیں :بیوہ کی اپیل
تجاوزات کی وجہ سے گلی تنگ ، گھر کا فرنٹ دروازہ بند ہوگیا: صابری مائی
مظفرگڑھ (نامہ نگار ) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر سٹی مظفرگڑھ کے نواحی قصبہ بصیرہ کی بیوہ صابری مائی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ملتان اور کمشنر ڈی جی خان سے اپیل کی ہے کہ ان کے گھر کے سامنے مین بازار میں بنائی گئی غیر قانونی سیڑھی اور تھلہ فوری طور پر گرا کر گلی و بازار کو کشادہ کیا جائے اور شارع عام میں ناجائز قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔صابری مائی نے مظفرگڑھ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چوک میاں مانجھن شریف کے سامنے واقع مسجد سے متصل ان کے گھر کی دیوار پر گل زمان، جنید احمد، عبید احمد اور شعیب عرف وغیرہ نے غیر قانونی طور پر سیڑھی اور چھ فٹ چوڑا، نو فٹ لمبا تھڑا بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے گلی تنگ اور گھر کا فرنٹ دروازہ بند ہو گیا ہے ۔صابری مائی کے مطابق سول عدالت، اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور بلڈنگ انسپکٹر کی رپورٹس کے باوجود تجاوزات ختم نہیں کرائی گئیں۔ انجمن تاجران نے بھی ڈپٹی کمشنر کو تمام رپورٹس اور عدالتی فیصلے پیش کیے ۔ ڈپٹی کمشنر نے پیرا فورس کو فوری کارروائی کا حکم دیا، مگر تاحال تجاوزات برقرار ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ اگر فوری دادرسی نہ ہوئی تو وہ لاہور جا کر وزیراعلیٰ آفس کے مین گیٹ پر دھرنا اور بھوک ہڑتال کریں گی تاکہ انصاف مل سکے ۔