خود ساختہ مہنگائی کرنے پر سخت کارروائی کی جائی :عامر لیاقت
ضروریات زندگی سرکاری نرخوں پر فروخت کریں ورنہ جرمانے ہوں گے
بارہ میل،جودھ پور (نمائندہ دنیا ) ماہ رمضان المبارک میں اسسٹنٹ کمشنر کبیروالا رانا عامر لیاقت نے مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس ملازمین کو ہدایت کی کہ خود ساختہ مہنگائی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ، دکانیں سیل کی جائیں اور مقدمات درج کیے جائیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے تاکید کی کہ دکاندار اپنی دکانوں پر اشیاء خوردونوش سمیت دیگر ضروریات زندگی سرکاری نرخوں پر فروخت کریں، بصورت دیگر جرمانے ہوں گے ۔ پرائس کنٹرول ٹیم اور پیرا فورس ملازمین سارا دن مارکیٹ میں موجود رہ کر ریٹ کنٹرول کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کا مقصد عام اور غریب آدمی کے لیے رمضان میں اشیاء خوردونوش کی آسان دستیابی یقینی بنانا ہے ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ان کی مثبت اور فعال کارکردگی کو سراہا۔