خانیوال:محکمہ لائیو اسٹاک کے افسروں کو موٹر سائیکلیں فراہم
21ویٹرنری افسروں،43پیرا میڈیکل سٹاف کو موٹر سائیکلیں فراہم کی گئیں
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مویشی پال کسانوں کو معیاری ویٹرنری سروسز کی فراہمی کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران و ملازمین میں 64 موٹر سائیکلیں تقسیم کر دی گئیں۔ اس میں 21 ویٹرنری افسران اور 43 پیرا میڈیکل سٹاف شامل ہیں، جو تین سالہ آسان اقساط پر موٹر سائیکلیں حاصل کریں گے ۔تقریب میں رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا، ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید، ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ملتان ڈویژن، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک خانیوال، مسلم لیگ ن کے رہنما میاں اکرام اللہ کمبوہ اور دیگر افسران و میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔محمد خان ڈاہا نے کہا کہ یہ اقدام قابلِ ستائش ہے اور محکمہ کی کارکردگی بہتر بنائے گا، جبکہ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے افسران و ملازمین پر زور دیا کہ وہ دفاتر میں محدود رہنے کی بجائے دور دراز علاقوں میں جا کر مویشی پالوں کو بروقت خدمات فراہم کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان مستفید ہو سکیں۔