صدر بازار چوک آ رائشی منصوبہ شروع، یادگاری مینار تعمیر کرنے کا فیصلہ
منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ، کمشنر عامر کریم
ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے صدر بازار چوک کی خوبصورتی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبے کے تحت چوک پر ایک بلند اور خوبصورت یادگاری مینار تعمیر کیا جائے گا جو علاقے کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کرے گا۔کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ صدر بازار چوک پر یادگار یو بی ایل کے تعاون سے تعمیر کی جا رہی ہے جبکہ منصوبے کا ڈیزائن آئی ڈیپ سے تیار کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر مجموعی طور پر 4.5 ملین روپے لاگت آئے گی۔کمشنر نے مزید بتایا کہ یادگار کی تعمیر کے لیے ڈھائی ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے اور منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری لا کر شہریوں کیلئے سہولت کا باعث بھی بنے گا۔