ایران پر حملے کیخلاف شیعہ علماء کونسل کی ریلی، شدید مذمت

ایران پر حملے کیخلاف شیعہ علماء کونسل کی ریلی، شدید مذمت

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)شیعہ علماء کونسل ضلع کوٹ ادو کے زیر اہتمام اسلامی جمہوریہ ایران پر امریکہ اور صیہونی ریاست اسرائیل کے مبینہ حملے اور ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کے حوالے سے محمود کوٹ میں ریلی نکالی گئی۔

 ریلی میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید سکندر عباس پریشان گیلانی ایڈووکیٹ، سید خضر عباس گیلانی ایڈووکیٹ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب عمرفاروق مشوری بلوچ ایڈووکیٹ، مولانا سجاد حسین قمی، جعفر حسین سرائی، سید جعفر رضا گیلانی، محمد عمران بھٹی سمیت دیگر رہنماؤں اور شہریوں نے شرکت کی۔اس موقع پر عمرفاروق مشوری ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران ایک خودمختار ریاست ہے اور اس کی سالمیت پر حملہ خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مزید پیچیدگیاں جنم لیتی ہیں، اگر جارحیت کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔ریلی کے شرکاء نے نعرے بازی کی اور امریکی سفیر کو ملک بدر کرنے اور امریکہ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں